Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

زنداں پر اشعار

کلاسیکی اور جدید شاعری

میں زنداں کا استعارہ بہت مستعمل ہے اور دونوں جگہ اس کی معنویتی جہتیں بہت پھیلی ہوئی ہیں ۔ کلاسیکی شاعری میں زنداں کا سیاق خالص عشقیہ تھا لیکن جدید شعرا نے اس لفظ کو اپنے عہد کی سیاسی اور سماجی صورتحال سے جوڑ کر اس میں اور وسعتیں پیدا کی ہیں ۔ ہمارے اس انتخاب کو پڑھئے اور دیکھئے کہ تخلیق کار ایک ہی لفظ کو کتنے الگ الگ رنگوں میں برتتا ہے اور لفظ کس طرح معنی کی سطح پر اپنا سفر طے کرتا ہے ۔

زندگی جبر ہے اور جبر کے آثار نہیں

ہائے اس قید کو زنجیر بھی درکار نہیں

فانی بدایونی

جیل سے واپس آ کر اس نے پانچوں وقت نماز پڑھی

منہ بھی بند ہوئے سب کے اور بدنامی بھی ختم ہوئی

طاہر فراز

ذرا سا شور بغاوت اٹھا اور اس کے بعد

وزیر تخت پہ بیٹھے تھے اور جیل میں ہم

شوزیب کاشر

اب اس غریب چور کو بھیجو گے جیل کیوں

غربت کی جس نے کاٹ لی پاداش جیب میں

عامر امیر

لہو سے میں نے لکھا تھا جو کچھ دیوار زنداں پر

وہ بجلی بن کے چمکا دامن صبح گلستاں پر

سیماب اکبرآبادی

نہ کسی آہ کی آواز نہ زنجیر کا شور

آج کیا ہو گیا زنداں میں کہ زنداں چپ ہے

مخدومؔ محی الدین

قفس سے دور سہی موسم بہار تو ہے

اسیرو آؤ ذرا ذکر آشیاں ہو جائے

سراج لکھنوی

دیوار زنداں کے پیچھے

جرم محبت میں بیٹھا ہوں

انور شعور

جانے کتنے بے قصوروں کو سزائیں مل رہیں

جھوٹ لگتا ہے تمہیں تو جیل جا کر دیکھیے

نور این ساحر

ہم وحشیوں کا مسکن کیا پوچھتا ہے ظالم

صحرا ہے تو صحرا ہے زنداں ہے تو زنداں ہے

منظر لکھنوی

میں سنتری ہوں عورتوں کی جیل کا حضور

دو چار قیدی اس لیے کم گن رہا ہوں میں

سرفراز آرش

کن شہیدوں کے لہو کے یہ فروزاں ہیں چراغ

روشنی سی جو ہے زنداں کے ہر اک روزن میں

گلنار آفرین

جو قیدئ محن تھے جمیلہؔ وہ چل بسے

زنداں میں کوئی صاحب زنداں نہیں رہا

جمیلہ خدا بخش

پتھر تانے لوگ کھڑے ہیں

زنداں کی دیوار کے پیچھے

محمد نبی خاں جمال سویدا

زنداں سے نکلنے کی یہ تدبیر غلط ہے

زنجیر کے ٹکڑے کرو دیوار گرا دو

رفعت سیٹھی

زنداں کی تو اپنے سیر تو کر

شاید کوئی بے گناہ نکلے

مصحفی غلام ہمدانی

ہائے زنجیر شکن وہ کشش فصل بہار

اور زنداں سے نکلنا ترے دیوانے کا

ریاضؔ خیرآبادی

Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi

Get Tickets
بولیے