Font by Mehr Nastaliq Web

aaj ik aur baras biit gayā us ke baġhair

jis ke hote hue hote the zamāne mere

رد کریں ڈاؤن لوڈ شعر

رند پر اشعار

اردو کی کلاسیکی شاعری

میں جو بنیادی لفظیات ہیں ان میں سے ایک رند بھی ہے ۔ عاشق شرابِ عشق سے سرشار ہوتا ہے اور اس کی کیفیت رندوں والی ہوتی ہے ۔ رندی کا ایک تصور تصوف سے بھی جا ملتا ہے ۔یہ آپ ہمارے اس انتخاب میں ایک رند عاشق کی کتھا پڑھیں گے ۔

ابھی رات کچھ ہے باقی نہ اٹھا نقاب ساقی

ترا رند گرتے گرتے کہیں پھر سنبھل نہ جائے

انور مرزاپوری

رند جو ظرف اٹھا لیں وہی ساغر بن جائے

جس جگہ بیٹھ کے پی لیں وہی مے خانہ بنے

اصغر گونڈوی

رند مسجد میں گئے تو انگلیاں اٹھنے لگیں

کھل اٹھے میکش کبھی زاہد جو ان میں آ گئے

نامعلوم

ساقی نے نگاہوں سے پلا دی ہے غضب کی

رندان ازل دیکھیے کب ہوش میں آئیں

فگار اناوی

مے کدہ ہے شیخ صاحب یہ کوئی مسجد نہیں

آپ شاید آئے ہیں رندوں کے بہکائے ہوئے

حبیب موسوی

بیٹھتا ہے ہمیشہ رندوں میں

کہیں زاہد ولی نہ ہو جائے

بیخود بدایونی

ابھی آتے نہیں اس رند کو آداب مے خانہ

جو اپنی تشنگی کو فیض ساقی کی کمی سمجھے

آل احمد سرور

واعظ خطا معاف کہ رندان مے کدہ

دل کے سوا کسی کا کہا مانتے نہیں

کرم حیدرآبادی

مے نہ ہو بو ہی سہی کچھ تو ہو رندوں کے لئے

اسی حیلہ سے بجھے گی ہوس جام شراب

حکیم محمد اجمل خاں شیدا

رندوں کو وعظ پند نہ کر فصل گل میں شیخ

ایسا نہ ہو شراب اڑے خانقاہ میں

حبیب موسوی

رند مشرب کوئی بیخودؔ سا نہ ہوگا واللہ

پی کے مسجد ہی میں یہ خانہ خراب آتا ہے

بیخود دہلوی

واعظو چھیڑو نہ رندوں کو بہت

یہ سمجھ لو کہ پیے بیٹھے ہیں

جلیل مانک پوری

توبہ کی رندوں میں گنجائش کہاں

جب یہ آئے گی نکالی جائے گی

مبارک عظیم آبادی

رندوں کو پابندیٔ دنیا کہاں

کشتیٔ مے کو نہیں لنگر کی چاہ

منیر  شکوہ آبادی

کچھ طرح رندوں نے دی کچھ محتسب بھی دب گیا

چھیڑ آپس میں سر بازار ہو کر رہ گئی

بیخود دہلوی

یہ رند دے گئے لقمہ تجھے تو عذر نہ مان

ترا تو شیخ تنور و شکم برابر ہے

بقا اللہ بقاؔ

Jashn-e-Rekhta | 13-14-15 December 2024 - Jawaharlal Nehru Stadium , Gate No. 1, New Delhi

Get Tickets
بولیے