میں اردو زباں ہوں
مجھے آریاؤں نے پالا
مری اصل ہندوستاں ہے
کہ میرے لہو سے ہی ویدوں کی آیات لکھی گئی ہیں
یہ رام اور سیتا کی عظمت کے قصے رمائن کتھائیں
کرشن اور رادھا کے رنگیں فسانے
ہر اک لفظ کی روح نغمہ سرا ہے
میں اردو زباں ہوں
وہ گوتم کہ جس نے محبت کی پیغمبری سے جہنم کو جنت بنایا
مگر کس زباں میں
ذرا سوچئے کس زباں میں
وہ پالی جو میرے گھرانے کی پالی ہوئی تھی
میں اردو زباں ہوں
مجھے دیکھنا چاہتے ہو تو آؤ
اجنتا ایلورا کے غاروں میں دیکھو
یہ میں ہوں
مرا حسن میری کشش ہے ابد تک
مجھے دیکھنا چاہتے ہو تو آؤ
اشوکا کی لاٹوں میں کندہ حروف مقدس میں دیکھو
یہ میں ہوں
صداقت عدالت کی تحریر محکم
میں اردو زباں ہوں
محبت کی من موہنی داستاں ہوں
مری وسعتیں بے کراں ہیں
یہ اتر یہ دکھن یہ پورب یہ پچھم
ہر اک سمت میرے نشاں ہیں
دکن جو کبھی رنگ و حرف و ادا اور چنگ و صدا سے بنا ایک قوس قزح تھا
تمہیں کچھ خبر ہے وہ کیا سلسلہ تھا
مؤرخ سے پوچھو وہ میرا ہی جادو مرا معجزہ تھا
میں خسروؔ کی پیاری ولیؔ کی نیاری قلیؔ کی دلاری
خدائے سخن میرؔ کے سوز پنہاں کی میں راز داں ہوں
وہ دیوان غالب وہ شہکار تخلیق آدم
مگر اس کا ہر شعر کہتا ہے پیہم
میں اردو زباں ہوں
وہ اقبالؔ جو عظمت آدمیت کا پیغامبر ہے
لہو کے جمود اور دل کے تغافل کا جو نوحہ گر ہے
وہ جس کی نظر بال جبریل کی ہم سفر ہے
وہ جس کی صدا خواب غفلت میں بد مست انسانیت کے لئے ایک بانگ درا ہے
وہ جس کی خودی دور حاضر کی فرعونیت کے لئے بحر قلزم کے ساحل پہ ضرب کلیمیؑ کی نعم البدل ہے
وہ جس نے دیار غزل سے لب و عارض و زلف جیسے عناصر کو باہر نکالا
وہ اقبالؔ بھی میری زلفوں کا قیدی رہا ہے
میں اردو زباں ہوں
وہ آزادؔ آزادی ہند کا ایک عاشق
وہ آزادؔ جس کی فغاں سوز و ستی
وہ آزادؔ جس کی صدا ساز ہستی
وہ آزادؔ جس کا سخن قول فیصل
مگر قول فیصل کا یہ فیصلہ ہے
میں اردو زباں ہوں
میں تاریخ و تہذیب ہندوستاں ہوں
میں ہندوستانی ہوں رشک جہاں ہوں
جہان محبت کی میں پاسباں ہوں
مگر پاسبان وطن مجھ کو غدار کہنے لگے ہیں
تو غدار کہنے کا مطلب مسلماں ہوں میں بھی
مسلمان یعنی کہ دہشت جہالت غلاظت کی پہچان ہوں میں
یہ پہچان میری عجب سانحہ ہے
مگر سانحہ مادر ہند کا ہے یہ میرا نہیں ہے
میں کچھ بھی نہیں ہوں
مجھے آریاؤں نے پالا
مری اصل ہندوستاں ہے
میں ہندوستانی ہوں ہندوستاں ہوں
مگر میرے اہل وطن مجھ کو غدار کہنے لگے ہیں
بظاہر تو ہے گرچہ یہ میری ذلت
مگر اصل میں مادر ہند کی ہی یہ عصمت دری ہے
میں اردو زباں ہوں
مجھے آریاؤں نے پالا
مری اصل ہندوستاں ہے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.