ماں ترے جانے کے بعد
دلچسپ معلومات
کراچی میں والدہ کے اچانک انتقال پر
بجھ گیا روشن سویرا ماں ترے جانے کے بعد
چھا گیا ہر سو اندھیرا ماں ترے جانے کے بعد
غم کا بادل ہے گھنیرا ماں ترے جانے کے بعد
دم گھٹا جاتا ہے میرا ماں ترے جانے کے بعد
کس کے چہرے میں تلاشوں تیرے چہرے کی جھلک
کس کے آنچل میں ملے گی تیری ممتا کی مہک
کس کی باتوں میں سنوں گی تیرے لہجے کی کھنک
کس ستارے میں بسے گی تیری آنکھوں کی چمک
ڈھونڈھتی ہوں عکس تیرا ماں ترے جانے کے بعد
دم گھٹا جاتا ہے میرا ماں ترے جانے کے بعد
فون پر کس کو سناؤں گی میں اپنا حال زار
کس کی باتیں سن کے آئے گا مرے دل کو قرار
کون پونچھے گا مرے بہتے ہوئے اشکوں کی دھار
کون پانی پڑھ کے دے گا ہوگا جب مجھ کو بخار
دل میں وحشت کا بسیرا ماں ترے جانے کے بعد
دم گھٹا جاتا ہے میرا ماں ترے جانے کے بعد
کون اب میرے لئے دست دعا پھیلائے گا
کس طرح آفات کا صدقہ اتارا جائے گا
کون مرہم زخم جاں پر پیار سے رکھ پائے گا
درد کی شدت میں میری پیٹھ کو سہلائے گا
رنج و غم نے مجھ کو گھیرا ماں ترے جانے کے بعد
دم گھٹا جاتا ہے میرا ماں ترے جانے کے بعد
اے کراچی یہ بتا اب کس سے ملنے آؤں گی
کس کی بانہوں میں سمٹ کر چین و سکھ میں پاؤں گی
ماں تری فرقت کا صدمہ میں نہیں سہہ پاؤں گی
کس طرح یادوں سے تیری اپنا دل بہلاؤں گی
کالعدم میکے کا پھیرا ماں ترے جانے کے بعد
دم گھٹا جاتا ہے میرا ماں ترے جانے کے بعد
تو تو باغ خلد میں مہمان یزداں ہو گئی
اور یہاں پر میری دنیا پل میں ویراں ہو گئی
دفعتاً اذن سفر پر خلق حیراں ہو گئی
زندگی بھی ایک لمحہ کو پریشاں ہو گئی
گھر میں خاموشی کا ڈیرا ماں ترے جانے کے بعد
دم گھٹا جاتا ہے میرا ماں ترے جانے کے بعد
مغفرت کی تجھ پہ مولا اب فراوانی کرے
جنت الفردوس میں بھی رحمت ارزانی کرے
سبزۂ نورستہ اس گھر کی نگہبانی کرے
آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے
حق ادا کر پاؤں تیرا ماں ترے جانے کے بعد
دم گھٹا جاتا ہے میرا ماں ترے جانے کے بعد
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.