دھیما دھیما درد سہانا ہم کو اچھا لگتا تھا
دھیما دھیما درد سہانا ہم کو اچھا لگتا تھا
دکھتے جی کو اور دکھانا ہم کو اچھا لگتا تھا
زخم کو اپنے پھول سمجھنا موتی کہنا اشکوں کو
عشق کا کاروبار سجانا ہم کو اچھا لگتا تھا
دن دن بھر آوارہ پھرنا ایک ہماری عادت تھی
رات گئے گھر لوٹ کے آنا ہم کو اچھا لگتا تھا
بیٹھ کے یاروں کی محفل میں پیتے رہنا دیر تلک
اپنے آپ کو بھول ہی جانا ہم کو اچھا لگتا تھا
چپ چپ رہنا آہیں بھرنا کچھ بھی نہ کہنا لوگوں سے
تنہا تنہا اشک بہانا ہم کو اچھا لگتا تھا
شاخ سے ٹوٹے سوکھے پتے تیز ہوا کے شانوں پر
شہروں شہروں خاک اڑانا ہم کو اچھا لگتا تھا
شہر غم کی ایک اداسی دل میں ہر دم رہتی تھی
دیواروں سے سر ٹکرانا ہم کو اچھا لگتا تھا
گل بدنوں کو تکتے رہنا باتیں کرنا خوشبو کی
نگہ گل کا قرض چکانا ہم کو اچھا لگتا تھا
نشۂ غم کی سرشاری بھی کم تو نہیں تھی پھر بھی ادیبؔ
تلخیٔ مے میں زہر ملانا ہم کو اچھا لگتا تھا
- کتاب : AURAAQ (Pg. 247)
- Author : Wazir Agha, Sajjad Naqvi
- مطبع : Auraaq Chauk, Urdu Bazar, Lahore (April, May 1982)
- اشاعت : April, May 1982
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.