کوارنٹین
اس کہانی میں ایک ایسی وبا کے بارے میں بتایا گیا ہے جسکی زد میں پورا علاقہ ہے اور لوگوں کی موت بدستور جاری ہے، ایسے میں علاقےکے ڈاکٹر اور انکے معاون کی خدمات قابل ستائش ہے۔ بیماروں کا علاج کرتے ہوئے انھیں احساس ہوتا ہے کہ لوگ بیماری سے کم کوارنٹین سے زیادہ مر رہے ہیں۔ بیماری سے بچنے کے لیے ڈاکٹر خود کو مریض سے الگ کر رہے ہیں جبکہ انکا معاون بھاگو بھنگی بغیر کسی خوف کے شب و روز بیماروں کی تیمارداری میں لگا ہوا ہے۔ علاقے سے جب وبا ختم ہو جاتی ہے تو عمائدین شہر کی جانب سے ڈاکٹر کے اعزاز میں جلسہ منعقد کیا جاتا ہے اور ڈاکٹر کےخدمات کی تعریف کی جاتی ہے لیکن بھاگو بھنگی کا ذکر تک نہیں ہوتا۔
راجندر سنگھ بیدی
خورشٹ
یہ افسانہ معاشرہ کے ایک نازک پہلو کو سامنے لاتا ہے۔ سردار زور آور سنگھ، ساوک کاپڑیا کا لنگوٹیا یار ہے۔ اپنا اکثر وقت اس کے گھر پہ گزارتا ہے۔ دوست ہونے کی وجہ سے اس کی بیوی خورشید سے بھی بے تکلفی ہے۔ سردار ہر وقت خورشید کی آواز کی تعریف کرتا ہے اور اس کے لیے مناسب اسٹوڈیو کی تلاش میں رہتا ہے۔ اپنے ان حربوں کے ذریعہ وہ خورشید کو رام کر کے اس سے شادی کر لیتا ہے۔
سعادت حسن منٹو
خودکشی
یہ ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جس کے یہاں شادی کے بعد بیٹی پیدا ہوتی ہے۔ لاکھ کوششوں کے بعد بھی وہ اس بچی کا کوئی اچھا سا نام نہیں سوچ پاتا ہے۔ نام کی تلاش کے لیے وہ ڈکشنری خریدتا ہے، جب تک ڈکشنری لیکر وہ گھر پہنچتا ہے تب تک بیٹی کی موت ہو چکی ہوتی ہے۔ بیٹی کے موت کے غم میں کچھ ہی دنوں بعد اس کی بیوی کی بھی موت ہو جاتی ہے۔ زندگی کے دیے، ان صدموں سے تنگ آکر وہ خودکشی کرنے کی سوچتا ہے۔ اس غرض سے وہ ریلوے لائن پر جاتا ہے مگر وہاں پہلے سے ہی ایک دوسرا شخص لائن پر لیٹا ہوتا ہے۔ سامنے سے آ رہی ٹرین کو دیکھ کر وہ اس شخص کو بچا لیتا ہے اور اس سے ایسی باتیں کہتا ہے کہ ان باتوں سے اس کی خود کی زندگی پوری طرح بدل جاتی ہے۔
سعادت حسن منٹو
ڈاکٹر شروڈکر
’’یہ بمبئی کے ایک لیڈیز سپیشلسٹ ڈاکٹر کی زندگی پر مبنی افسانہ ہے۔ دو منزلوں میں بنا یہ اسپتال بمبئی کا سب سے مشہور اسپتال ہے۔ اس اسپتال میں ہر چیز نمبر ون کوالٹی کی ہے۔ اسپتال کو وقف ڈاکٹر ایک طرح سے اپنی زندگی کو بھول ہی گیا ہے۔ اس کے پاس اتنا بھی وقت نہیں ہوتا کہ وہ ٹھیک سے سو بھی سکے۔ اسپتال کی نرسیں اس کی تنہا زندگی کو دیکھ کر پریشان رہتی ہیں۔ تبھی اسپتال میں ایک لڑکی ایبارشن کروانے آتی ہے۔ وہ ڈاکٹر کو اس قدر پسند آ جاتی ہے کہ ڈاکٹر اس لڑکی سے شادی کر لیتا ہے۔‘‘
سعادت حسن منٹو
کوکھ جلی
یہ ایک ایسی ماں کی کہانی ہے جو پھوڑے کے زخموں سے پریشان بیٹے سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔ حالانکہ بیٹے کے ناسور بن چکے زخم سے ساری بستی ان سے نفرت کرتی ہے۔ شروع کے دنوں میں اس کا بیٹا شراب کے نشے میں اس سے کہتا ہے نشے میں بہت سے لوگ اپنی ماں کو بیوی سمجھنے لگتے ہیں مگر وہ ہمیشہ ہی اس کی ماں ہی رہی۔ حالانکہ شراب پی کر آنے کے بعد وہ بیٹے کے ساتھ بھی ویسا ہی برتائو کرتی ہے جیسا کہ شوہر کے ساتھ کیا کرتی تھی۔
راجندر سنگھ بیدی
تین میں نہ تیرہ میں
افسانہ میاں بیوی کے درمیان ہونے والی نوک جھونک پر مبنی ہے۔ بیوی اپنے شوہر سے ناراض ہے اور اس کے ساتھ جھگڑتے ہوئے محاوروں کا استعمال کرتی ہے۔ شوہر اس کے ہر محاورے کا جواب دیتا ہے اور وہ دونوں جھگڑتے ہوئے عورت مرد کے تعلقات، شادی اور خانگی امور کے بارے میں بڑی دلچسپ گفتگو کرتے جاتے ہیں۔
سعادت حسن منٹو
حج اکبر
’’کہانی صغیر نام کے ایک ایسے شخص کی ہے، جسے ایک شادی میں امتیاز نام کی لڑکی سے محبت ہو جاتی ہے۔ اس کی محبت میں وہ کچھ اس قدر گرفتار ہوتا ہے کہ وہ اس سے شادی کر لیتا ہے۔ مگر شادی کے بعد بھی ان کے درمیان مرد عورت کے رشتے قایم نہیں ہو پاتے، کیونکہ صغیر اپنی چاہت کے سبب امتیاز کو ایک بہت پاک شے سمجھنے لگتا ہے۔ ایک روز صغیر کے گھر اس کا بڑا بھائی اکبر ملنے آتا ہے۔ اس کے واپس جانے سے پہلے ہی صغیر امتیاز کی زندگی سے ہمیشہ کے لیے نکل جاتا ہے۔‘‘
سعادت حسن منٹو
رحمت خداوندی کے پھول
یہ ایک ایسے شرابی شخص کی کہانی ہے جو جتنا بڑا شرابی ہے، اتنا ہی بڑا کنجوس بھی ہے۔ وہ دوستوں کے ساتھ شراب پینے سے بچتا ہے، کیونکہ اس سے اسے زیادہ روپیے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ وہ گھر پر بھی نہیں پی سکتا، کیونکہ اس سے بیوی کے ناراض ہو جانے کا ڈر ہوتا ہے۔ اس مشکل کا حل وہ کچھ اس طرح نکالتا ہے کہ پیٹ کے درد کا بہانہ کرکے دوائی کی بوتل میں شراب لے آتا ہے اور بیوی سے ہر پندرہ منٹ کے بعد ایک خوراک دینے کے لیے کہتا ہے۔ اس سے اس کی یہ مشکل تو آسان ہو جاتی ہے۔ مگر ایک دوسری مشکل اس وقت پیدا ہوتی ہے جب ایک روز اس کی بیوی پیٹ کے درد کی وجہ سے اسی بوتل سے تین پیگ پی لیتی ہے۔
سعادت حسن منٹو
پھاہا
عنفوان شباب میں ہونے والی جسمانی تبدیلیوں سے بے خبر ایک لڑکی کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ آم کھانے سے گوپال کے پھوڑا نکل آتا ہے تو وہ اپنے والدین سے چھپ کر اپنی بہن نرملا کی مدد سے پھوڑے پر پھاہا رکھتا ہے۔ نرملا اس پورے عمل کو بہت غور اور دلچسپی سے دیکھتی ہے اور گوپال کے جانے کے بعد اپنے سینے پر پھاہا رکھتی ہے۔
سعادت حسن منٹو
شلجم
اس کہانی میں رات کو دیر سے گھر آنے والے شوہروں کی بیویوں کے ساتھ ہونے والی بحث کی عکاسی کی گئی ہے۔ شوہر رات میں تین بجے گھر آیا تھا۔ گھر آنے پر جب اس نے بیوی سے کھانا مانگا تو بیوی نے کھانا دینے سے انکار کر دیا۔ اس بات پر دونوں کے درمیان بحث ہونے لگی۔ دونوں اپنی اپنی دلیلیں دینے لگے اور کوئی بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہوا۔ بحث ہو ہی رہی تھی کہ اندر سے نوکر آیا اور کہنے لگا کہ کھانا تیار ہے۔ کھانے کے بارے میں سنتے ہی میاں بیوی کے درمیان صلح ہو گئی۔