کہاں ہے میرا ہندوستان۔۔۔
مسلماں اور ہندو کی جان
کہاں ہے میرا ہندوستان
میں اس کو ڈھونڈ رہا ہوں
مرے بچپن کا ہندوستان
نہ بنگلہ دیش نہ پاکستان
مری آشا مرا ارمان
وہ پورا پورا ہندوستان
میں اس کو ڈھونڈ رہا ہوں
وہ میرا بچپن وہ اسکول
وہ کچی سڑکیں اڑتی دھول
لہکتے باغ مہکتے پھول
وہ میرے کھیت مرے کھلیان
میں اس کو ڈھونڈ رہا ہوں
وہ اردو غزلیں ہندی گیت
کہیں وہ پیار کہیں وہ پریت
پہاڑی جھرنوں کے سنگیت
دیہاتی لہرا پربی تان
میں اس کو ڈھونڈ رہا ہوں
جہاں کے کرشن جہاں کے رام
جہاں کی شام سلونی شام
جہاں کی صبح بنارس دھام
جہاں بھگوان کریں اشنان
میں اس کو ڈھونڈ رہا ہوں
جہاں تھے تلسیؔ اور کبیرؔ
جائسیؔ جیسے پیر فقیر
جہاں تھے مومنؔ غالبؔ میرؔ
جہاں تھے رحمنؔ اور رسخانؔ
میں اس کو ڈھونڈ رہا ہوں
وہ میرے پرکھوں کی جاگیر
کراچی لاہور و کشمیر
وہ بالکل شیر کی سی تصویر
وہ پورا پورا ہندوستان
میں اس کو ڈھونڈ رہا ہوں
جہاں کی پاک پوتر زمین
جہاں کی مٹی خلد نشین
جہاں مہراج معینؔ الدین
غریب نواز ہند سلطان
میں اس کو ڈھونڈ رہا ہوں
مجھے ہے وہ لیڈر تسلیم
جو دے یکجہتی کی تعلیم
مٹا کر کنبوں کی تقسیم
جو کر دے ہر قالب اک جان
میں اس کو ڈھونڈ رہا ہوں
یہ بھوکا شاعر پیاسا کوی
سسکتا چاند سلگتا روی
ہو جس مدرا میں ایسی چھوی
کرا دے اجملؔ کو جلپان
میں اس کو ڈھونڈ رہا ہوں
مسلماں اور ہندو کی جان
کہاں ہے میرا ہندوستان
میں اس کو ڈھونڈ رہا ہوں
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.