مرے دل میں ہے کہ پوچھوں کبھی مرشد مغاں سے
مرے دل میں ہے کہ پوچھوں کبھی مرشد مغاں سے
کہ ملا جمال ساقی کو یہ طنطنہ کہاں سے
وہ یہ کہہ رہے ہیں ہم کو ترے حال کی خبر کیا
تو اٹھا سکا نگاہیں نہ بتا سکا زباں سے
جو انہیں وفا کی سوجھی تو نہ زیست نے وفا کی
ابھی آ کے وہ نہ بیٹھے کہ ہم اٹھ گئے جہاں سے
میں عدم کے لالہ زاروں میں نواگر ازل تھا
مجھے کھینچ لائی ظالم تری آرزو کہاں سے
مری سر نوشت میں تھا وہی داغ نامرادی
جو ملا مری جبیں کو ترے سنگ آستاں سے
بچے بجلیوں کی زد سے وہی طائران دانا
جو کڑک چمک سے پہلے نکل آئے آشیاں سے
یہ ہے ماجرائے وحشت کہ ملا سراغ محمل
نہ غبار کارواں سے نہ درائے کارواں سے
نہیں کچھ سمجھ میں آتا یہ عجیب ماجرا ہے
کہ زمیں کے رہنے والوں کو ہدایت آسماں سے
شب غم جو آئی سالکؔ مٹے باطنی اندھیرے
مرا دل ہوا منور تب و تاب جاوداں سے
Additional information available
Click on the INTERESTING button to view additional information associated with this sher.
About this sher
Lorem ipsum dolor sit amet, consectetur adipiscing elit. Morbi volutpat porttitor tortor, varius dignissim.
rare Unpublished content
This ghazal contains ashaar not published in the public domain. These are marked by a red line on the left.